حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر، قومی رحمتُ للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے رکن علامہ عارف حسین واحدی نے محکمہ اوقاف مذہبی امور پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقدہ صوبائی سیرت النبی کانفرنس میں شرکت اور خطاب کیا۔

اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ص کی سیرتِ طیبہ، آپؐ کی انسان ساز تعلیمات اور آپؐ کے اعلیٰ اخلاق و کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے بالخصوص نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے کی برائیوں، گناہوں، منشیات، جرائم اور دیگر اخلاقی خرابیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سیرتِ رسول اکرم سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا مستقبل ہوتے ہیں، اس لیے ان کی فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت ناگزیر ہے۔ سیرتِ رسول اکرم ہمارے لیے ایسا جامع اور کامل نمونہ ہے جس کی روشنی میں ایک صالح، باکردار اور ذمہ دار نسل کی تربیت کی جا سکتی ہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ پاکستان لا الٰہ الا اللہ، محمد رسول اللہ کے مقدس نعرے اور نظریے کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اتحاد و وحدت کے ساتھ پیغمبرِ گرامی اسلام کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات اور کردار کو اپنا رہنما بنائیں اور پاکستان کے معاشرے کو ایسا مثالی معاشرہ بنائیں جو دنیا کے لیے نمونہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم حقیقی معنوں میں رسول اکرم ص کی تعلیمات پر عمل کریں، باہمی اتحاد و اخوت کو فروغ دیں، برداشت، رواداری، عدل، انصاف اور انسانی احترام کو اپنی اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں تو پاکستان ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست بن سکتا ہے۔
سیرت النبی کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی جناب سردار محمد یوسف، متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین مفتی انتخاب احمد نوری سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علماء، مذہبی رہنماؤں، سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی اور سیرتِ رسول اکرم کے مختلف پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔









آپ کا تبصرہ